ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں 18 فروری کو ہوگا انجمن الیکشن؛ انتخابات میں حصہ لینے ممبر شپ اور واجبات ادا کرنے کی آخری تاریخ 10 جنوری

بھٹکل میں 18 فروری کو ہوگا انجمن الیکشن؛ انتخابات میں حصہ لینے ممبر شپ اور واجبات ادا کرنے کی آخری تاریخ 10 جنوری

Tue, 26 Dec 2023 15:24:09    S.O. News Service

بھٹکل 26 ڈسمبر (ایس او نیوز) قومی تعلیمی ادارہ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے عام انتخابات 18 فروری کو ہوں گے، البتہ انتخابات میں کھڑے ہونے یا ووٹنگ میں حصہ لینے کے لئے ممبرشپ فیس اور واجب الادا رقومات کی ادائیگی 10 جنوری سے پہلے کرنے ضروری ہیں۔ اس بات کی اطلاع انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے انتخابات منعقد کرنے کی ذمہ داری کے لئے منتخب الیکشن کمشنرعبدالواجد کولا نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے دی۔

ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ مقامی حلقہ کے لئے 18 فروری 2024 بروز اتوار انجمن ایڈمنسٹریٹو آفس میں صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک ووٹنگ کی کاروائی مکمل کی جائے گی اور الیکشن کے فوری بعد ووٹوں کی گنتی ہوگی اور اُسی دن نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالواجد کولا نے بتایا کہ 18 فروری کو منعقدہ انتخابات کے ذریعے 23 اراکین انتظامیہ کو منتخب کیا جائے گا جس کے لئے 14 جنوری سے 27 جنوری تک نامزدگی فارم انجمن آفس اوقات میں الیکشن کمشنر سے حاصل کئے جاسکیں گے، ریلیز کے مطابق اس کے لئے اُمیدوار، محرک اور موئید انجمن کے دستور کی دفعہ نمبر 3 شق نمبر7 کے تحت مقامی ہونا لازمی ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق 28 جنوری شام پانچ بجے تک نامزدگی فارم مع اُمیدوار کا آدھار کارڈ/ ووٹر آئی ڈی کارڈ کی نقل اور دو عدد فوٹو، انجمن آفس میں جمع کرنی ہوگی۔ 29 جنوری کو پرچہ نامزدگی کی تصدیق اور جانچ پڑتال ہوگی، 4 فروری کو موصولہ فارم کی جانچ پڑتال کے بعد اُمیدواروں کی لسٹ جاری کی جائے گی، 5 فروری سے 7 فروری شام پانچ بجے تک اُمیدوار اپنی اُمیدواری واپس لے سکے گا جس کے لئے اُمیدوارکو خود نامزدگی واپسی فارم پُرکرکے دینا لازمی ہوگا۔ 10 فروری کو اُمیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی اور اس طرح 18 فروری کو ووٹنگ ہوگی۔ جس کے ذریعے ۲۳ اراکین انجمن کی نئی انتظامیہ میں شامل ہوں گے۔

اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالواجد کولا نے بتایا کہ انجمن کی انتظامیہ 85 اراکین پرمشتمل ہےجبکہ آٹھ سرپرست الگ سے ہیں۔

عبدالواجد کولا کے مطابق 85 اراکین انتظامیہ میں سے دس اراکین کا انتخاب تحلیل شدہ انتظامیہ میں سے ہوچکا ہے۔ 18 فروری کو بھٹکل میں انتخابات کے ذریعے 23 کا انتخاب ہوگا۔ بیرون بھٹکل، مگر اندرون ہند سے 14( ممبئی سے دو، کلکتہ سے ایک، کورگ سے ایک، بینگلور سے دو، کیرالہ سے تین، چینائی سے دو، مینگلورسے ایک اور وجے واڑا سے دو) اراکین کا انتخاب ہوگا۔ اسی طرح بیرون ہند سے 25 (دبئی سے دس،ابوظبی سے ایک، مسقط، عمان سے دو، سعودی عربیہ کے منطقۃ شرقیہ سے پانچ، جدہ سے دو، ریاض سے ایک، ینبوع سے ایک، دوحہ قطر سے ایک، کویت سے ایک اور بحرین سے ایک) اراکین کا انتخاب ہوگا۔ بیرون بھٹکل میں 15 فروری سے 18 فروری تک انتخابی کاروائی مکمل ہوگی۔ نئی انتظامیہ مزید دس اراکین کا انتخاب کرے گی، جبکہ صدرکو مزید تین اراکین کو انتظامیہ میں شامل کرنے کا اختیار ہوگا۔ اس طرح 2024 تا 2028 یعنی چار سالہ میعاد کے لئے جملہ 85 اراکین پر مشتمل نئی انتظامیہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔


Share: